certifired_img

Books and Documents

Books and Documents (08 Jan 2016 NewAgeIslam.Com)



Auranzeb and Ulema اورنگ زیب اور علماء

 

 

 

 

ڈ اکٹر مبارک علی

اکبر نے اپنی سیکولر پالیسیوں کو برقرار رکھنے کےلئے علماء کےاثر و رسوخ اور سلطنت میں ان کی مداخلت کو بالکل ختم کردیا، اس کے بعد جہانگیر شاہجہاں نے کم و بیش اسی پالیسی کواختیار کیا اور علماء کے اختیارات کو مذہبی امور تک محدود رکھ کر بادشاہ کے اختیارات کو قائم رکھا۔

مگر اورنگ زیب نے اپنے سیاسی مقاصد کےلئے علماء کواپنے لئے استعمال کیا اور دوبارہ سےانہیں اختیارات تو دیئے مگر بڑی ہوشیاری کے ساتھ انہیں اپنے اقتدار کےاستحکام کےلئے کام میں لایا ۔ علماء کو جب اختیارات ملے تو بجائے اس کے کہ وہ انہیں شریعت کے فروغ کےلئے استعمال کرتے، انہوں نے انہیں اپنے ذاتی فوائد کے لئے استعمال کیا، اور رشوتوں ، غبن، اور دوسرے ناجائز ذرائع سے دولت اکٹھی کرنا شروع کردی، اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ان میں ایسی کوئی اخلاقی جرات نہیں رہی کہ وہ بادشاہ کو شریعت کے نفاذ پر مجبور کرسکیں ۔ مثلاً اس کا قاضی القضاۃ عبدالوہاب ، رشوت لینے کے سلسلہ میں بڑا بدنام تھا ۔ اس کےمرنے پر ترکہ میں اس نے 2 لاکھ اشرفیاں اور 5 لاکھ روپوں کے علاوہ ہیرے ، جواہرات ، اوردوسرا بیش قیمت مال چھوڑا۔ خانی خاں نے لکھا ہے کہ اس کے اختیارات اس قدر زیادہ تھے کہ بڑے بڑے امراء بھی اس پر شک کرتے تھے، اور اس کے سامنے انہیں اپنی آبرو بچانے کی فکر پڑ جاتی تھی ۔ (خانی خاں ۔ سوم۔ ص 199۔226)

اسی لئے اورنگ زیب نے ابتداء ہی سے علماء کے ذریعہ اپنے سیاسی نامہ پورے کئے جب داراشکوہ کو گرفتار کیا گیا تو اس نے سب سے پہلے ہیبت خاں نامی سپاہی کے خلاف فتویٰ حاصل کیا کہ جس نے داراشکوہ کے حق میں مظاہرے کرائے تھے، اسے قتل کرانے کے بعد، فقہا سے دوسرا فتویٰ داراشکوہ کے خلاف لیا کہ جس میں اس پر الزام لگایا گیا تھا اس نے شرع سے تجاوز کرکے کفر و الحاد پھیلا یا۔ اسے اس فتویٰ کی بنیاد پر نہ صرف قتل کیا بلکہ اس کی لاش کی تشہیر بھی کرائی ۔ (خانی خاں۔ سوم۔ ص ۔94)

اپنے دوسرے بھائی شہزادہ مراد کو جب راستہ سے ہٹا نا مقصود ہوا تو اس پر علی فقی نامی ایک شخص کے قتل کاالزام لگا کر اس کے بیٹوں کے ذریعہ باپ کے خون کا دعویٰ کرایا گیا ۔ قاضی نے خون کو ثابت کرکے اسے سزائےموت دے دی ۔ (خانی خاں ۔ سوم۔ ص۔ 151)

اس طرح اورنگ زیب نے دارا کے ساتھیوں پر شرعی الزامات لگا کر ان کو قتل کرایا جن میں سب سے مشہور قتل صوفی سرمد کا ہے۔

اس لئے اگرچہ اورنگ زیب نےاپنی ریاست کو اسلامی شکل دینے کی ضرور کوشش کی اور اس مقصد کےلئے اس نے ایسے اقدامات بھی کئے جن سے ظاہر ہوتا تھا کہ وہ شریعت کے نفاذ میں دلچسپی رکھتا ہے، مثلاً شراب اور ہندوؤں کی زیارت پر پابندی لگائی، موسیقی کو دربار سے ختم کرایا، بادشاہ کےلئے درشن کی جو رسم تھی اسے منسوخ کیا۔ زائچہ و نجوم پر پابندیاں لگائیں اور بہت سے غیر شرعی ٹیکسوں کو ختم کیا ۔ اس کے علاوہ اس نے عدل و انصاف کےمحکمہ کو علما کے سپرد کرکے انہیں وسیع اختیارات دیئے ۔مگر اس کی یہ ساری کارروائیاں مغل سلطنت کےزوال کو روکنے میں ناکام ہوگئیں، چونکہ اکبر نے جو رواداری کی پالیسی اختیار کر کے ہر مذہب و عقیدے اور قوم کو مغل سلطنت کا حصہ بنایا تھا وہ اس پالیسی کے تحت نا ممکن تھا اسی لئے آہستہ آہستہ مختلف جماعتیں ، فرقے، اور قومیں علیحدہ ہونا شروع ہوگئیں او رمغل قوت و طاقت میں دڑاریں پڑنے لگیں۔

اورنگ زیب نے اگرچہ علماء کوبڑے اختیارات دیئے ، مگر ان علماء میں نہ تو صلاحیت تھی اور نہ قابلیت کہ وہ سلطنت کی خرابیوں کو سمجھ سکے۔ اس لئے وہ بھی سلطنت کا ایک حصہ بن کر دنیاوی فوائد سے لطف اندوز ہونے لگتے اور اس طرح انہوں نے بھی سلطنت کےزوال کو تیز کرنے میں حصہ لیا۔

علماء کی اس کمزوری اور ان کی نااہلی کا احساس شاید اورنگ زیب کو بھی ہوگیا تھا، اس لئے اس نے فقہہ عالمگیری کی تدوین شروع کرائی اور جب یہ مکمل ہوگئی تو اس بات کا اظہار کیا کہ یہ اس قدر مکمل اور جامع فقہہ کی کتاب ہے کہ اس کے بعد مسلمانوں کو علماء سے فتویٰ لینے اور مشورہ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور یہ انہیں علماء کی ضرورت سے آزاد کرادے گی۔

URL of Chapter One: http://www.newageislam.com/books-and-documents/dr-mubarak-ali/ulema-aur-siyasat--preface-and-foreword---علما-ء-اور-سیاست/d/105674

URL of Chapter Two: http://www.newageislam.com/books-and-documents/dr-mubarak-ali/ulema-and-bureaucrats--(علما-ء-اور-دفتری-(بیورو-کریٹس/d/105686

URL for Chapter Three: http://www.newageislam.com/books-and-documents/dr-mubarak-ali/rise-of-ulema--علما-ء-کا-عروج/d/105710

URL for Chapter Four: http://www.newageislam.com/books-and-documents/dr-mubarak-ali/ulema-and-madrasa--علماء-اور-مدرسہ/d/105725

URL for Chapter Five: http://www.newageislam.com/books-and-documents/dr-mubarak-ali/sharia-and-iranian-theory-of-kingdom--شریعت-اور-ایرانی-نظریہ-بادشاہت/d/105772

URL for Chapter Six: http://www.newageislam.com/books-and-documents/dr-mubarak-ali/fundamentalism-and-reformist-movements--بنیاد-پرستی-اور-اصلاحی-تحریکیں/d/105784

URL for Chapter Seven: http://www.newageislam.com/books-and-documents/dr-mubarak-ali/ulema-during-the-reign-of-the-kingdoms--علماء-عہد-سلطنت-میں/d/105860

URL for Chapter Eight: http://www.newageislam.com/books-and-documents/dr-mubarak-ali/akbar-and-ulema--اکبر-اور-علماء/d/105882

URL: http://www.newageislam.com/books-and-documents/dr-mubarak-ali/auranzeb-and-ulema--اورنگ-زیب-اور-علماء/d/105909

New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Womens in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Womens In Arab, Islamphobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism,

 




TOTAL COMMENTS:-    


Compose Your Comments here:
Name
Email (Not to be published)
Comments
Fill the text
 
Disclaimer: The opinions expressed in the articles and comments are the opinions of the authors and do not necessarily reflect that of NewAgeIslam.com.

Content