New Age Islam
Mon Jan 20 2025, 01:05 PM

Urdu Section ( 28 Jul 2014, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Tafseer Al Manar تفسیر المنار

 

22 جولائی ، 2014

قرآن کریم کی یہ تفسیر علامہ قلمونی رحمۃ اللہ علیہ  کی تالیف ہے۔ مؤلف کا پورا نام حجۃ الاسلام محمد رشید  بن علی رضا محمد شمس الدین البغدادی القلمونی الحسینی ہے۔ آپ 23 ستمبر 1885 کو لیبیا کے شہر طرابلس  سے 3 میل کے فاصلے علاقے قلمون  میں پیدا ہوئے ۔ اسی مناسبت  سے قلمونی کہلاتے ہیں ۔ اسی علاقے  میں  پرورش  پائی اور اپنے وقت کے بڑے بڑے  علماء سے علم حاصل کیا ۔ علم  حدیث،  علم فقہ  سمیت تمام  مروجہ علوم  کے ساتھ آپ نے عصری علوم سےبھی خود کو مزین کیا ۔ زمانے  کے تقاضوں کومد نظر رکھ  کر درس قرآن  دیا کرتے ۔ رفتہ رفتہ وہ اپنے درس  قرآن کی وجہ سے پورے علاقے  میں مشہور ہوگئے  او رلوگ دور دوراز سے آپ کے پاس آنے لگے ۔اس کے بعد آپ مصر منتقل  ہوئے ۔ وہاں انہوں نے امام محمد عبدہ رحمۃ اللہ علیہ کی صحبت  سےفیض یاب ہوئے اور آپ کے علم میں مزید  اضافہ ہوا۔ مصر میں آپ کو ایک اصلاحی  جریدے  میں بھی کام کرنے کا تجربہ  ہوا۔ پھر وہاں بھی درس  قرآن کا سلسلہ  جاری رکھا ۔ یہیں سے آپ رحمۃ اللہ علیہ نے تفسری المنار  لکھنے کافیصلہ کیا اور درس  قرآن  سے اس تفسیر  کے لئے  کافی سارا  مواد بھی مل گیا ۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ  جب تک امام  محمد عبدہ رحمۃ اللہ علیہ حیات رہے ، ان کی صحبت  میں رہے۔ آپ کے وقت میں قدرت نے بڑی برکت رکھی تھی ۔ زندگی  میں بہت سے اہم کام کئے ۔ تاہم مذکورہ تفسیر آپ کا ایک ایسا علمی  کارنامہ ہے،  جو رہتی دنیا تک  یادر کھا جائے گا۔ کہتے ہیں کہ آپ  نے ایک لاکھ ساٹھ ہزار سےزائد صفحات لکھے ۔ عرب خطے کے علاوہ یورپ اورایشیا کے بھی کئی دورے کئے اور اسلام کاپیغام  پہنچایا ۔ دعوت  کے میدان میں بھی آپ  کوبہت  اونچا مقام  حاصل تھا ۔ تفسیر منار کے علاوہ آپ نے درجہ ذیل کتابیں  تصنیف  فرمائیں : مجلۃ المنار ، تاریخ الاستاذ الامام ، الشیخ  محمد عبدہ ، الوحی  المحمدی ،یسرالا سلام  واصول  التشر یع ، الخلافۃ ، محاورات  المصلح و المقلد ، ذکری المولدا لنبوی  ، شبہات  النصاری و حجج الاسلام ، نداء اللجنس  اللطیف ، السنۃ والشیعۃ حقیقیۃ اکربا، مناسک الحج ۔22 اگست 1935 ء کو کار میں سفر کرتےہوئے آپ کا انتقال ہوا۔

آپ کی تفسر، تفسیر المنار کے نام سے مشہور  ہے ۔عربی زبان میں لکھی  گئی یہ تفسیر 12 جلدوں پر مشتمل  ہے ۔ تاہم اس تفسیر کی تکمیل سے قبل  ہی آپ کا انتقال ہوا۔ اس لئے  قرآن کریم کے کچھ حصوں  کو یہ تفسیر شامل نہیں ہے ۔ یہ سابقہ  تمام کتب تفاسیر  سے مختلف اسلوب میں تحریر  کیا گیا ہے۔ علامہ خود فرماتے ہیں کہ میری تالیف  کامقصد انسانیت کے سامنے  قرآن کریم کی ہدایت  اور اس کی دعوت  کو آسان او ردلکش انداز میں رکھنا ہے۔ قرآن میں بیان  کردہ و عدو ں  اور وعیدوں کو بیان کرنا ہے ، تاکہ لوگ  زیادہ سے زیادہ کلام الہٰی  کے قریب ہوجائیں اور اس سے ہدایت حاصل کر کے اپنے نفس  کی اصلاح  کریں۔ آپ نے تفسیر  میں صحیح  احادیث  کا ایک بڑا ذخیرہ  جمع کیا ہے ۔ پھر احکام  کی تفصیل بتاکر ان کی حکمت  بھی بیان کرتے ہیں ۔ بعض  مفردات اور جملوں  کی تحقیق بھی کرتے ہیں۔ علماء  کے مابین اختلافی  مسائل پر بھی روشنی ڈالتے ہیں۔ اس کے علاوہ جدید اسلامی مسائل پر بھی سیر حاصل کلام  کرتےہیں ۔آپ نے اس تفسیر میں بد عات اور غلط رسوم کی بیخ کنی کی ہے ۔ تاہم بعض  مسائل میں انہوں نے اہل السنت  کے اجماعی  عقیدے میں ان کی مخالفت کی ہے۔ مثلاً سود خور اور قاتل کاہمیشہ  جہنم کی آگ میں جلنا ۔ اس کےعلاوہ بعض مسائل فقہیہ  میں بھی  انہوں نے جمہور کی مخالفت کی ہے۔ یہ تفسیر  مصر کے الہیئتہ المصر یہ للعامۃ الکتب  نامی مطبع سے چھپی ہے ۔ 12 جلدوں پر مشتمل ہے۔

22 جولائی ، 2014 بشکریہ : روز نامہ امت، کراچی

https://newageislam.com/urdu-section/tafseer-al-manar-/d/98321

 

Loading..

Loading..