New Age Islam
Thu May 14 2026, 03:11 PM

Urdu Section ( 20 Sept 2025, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

The Heart: Centre of Body, Soul, and Morality دل: انسان کا جسمانی، روحانی اور اخلاقی مرکز

کنیز فاطمہ ، نیو ایج اسلام

20 ستمبر،2025

انسانی جسم کی ساخت ایک نہایت حیرت انگیز نظام ہے، جس میں ہر عضو کا اپنا کردار ہے، لیکن ان سب میں اگر کسی عضو کو مرکزی حیثیت حاصل ہے تو وہ دل ہے۔ اگرچہ دل کا سائز چھوٹا ہوتا ہے، مگر اس کی اہمیت انسانی زندگی میں بے حد بڑی ہے۔ دل صرف خون پمپ کرنے والا عضو نہیں، بلکہ انسان کی شخصیت، سوچ، جذبات، اخلاق اور روحانیت کا مرکز بھی ہے۔

دل کی جسمانی اہمیت

سائنس کے مطابق دل انسانی جسم کا ایک بنیادی عضو ہے، جو پورے جسم میں خون کی روانی کو کنٹرول کرتا ہے۔ دل گندے خون کو صاف کر کے اسے دوبارہ جسم کے تمام حصوں تک پہنچاتا ہے، تاکہ ہر عضو کو زندگی بخش آکسیجن اور غذائیت ملے۔ ایک صحت مند دل فی منٹ 70 سے 80 بار دھڑکتا ہے، اور اسی دھڑکن کی رفتار سے انسان کی صحت اور توانائی کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔

دل نہ صرف زندگی کی علامت ہے، بلکہ اس کی درست کارکردگی ہی ایک انسان کی مکمل جسمانی صحت کی ضامن ہوتی ہے۔

دل: ایک روحانی اور اخلاقی مرکز

دل صرف جسمانی عضو نہیں بلکہ روحانیت، علم، بصیرت، احساس اور اخلاق کا سرچشمہ بھی ہے۔ اہل علم کہتے ہیں کہ جس دل پر علم کا اثر ہو جائے، وہ دل روشن ہو جاتا ہے۔ اگر علم دل کو نہ چھو سکے تو انسان صرف معلومات کا خزانہ ہوتا ہے، شعور اور بصیرت سے خالی۔

ایک شاعر نے کیا خوب کہا:

دلِ بینا بھی کر خدا سے طلب

آنکھ کا نور، دل کا نور نہیں ہوتا

اس کا مطلب یہ ہے کہ اصل بینائی وہ ہے جو دل کو نصیب ہو، اور یہ وہ بینائی ہے جو انسان کو حق اور باطل میں فرق سکھاتی ہے۔

دل اور عبادت کا تعلق

جب انسان عبادت کے لئے کھڑا ہوتا ہے تو ﷲ تعالیٰ کی نظر  اس کے جسم یا لباس پر نہیں، بلکہ دل پر ہوتی ہے۔ اگر دل صاف ہو، نیت خالص ہو تو عبادت قبول ہوتی ہے۔ دل ہی انسان میں عاجزی، انکساری، ہمدردی اور احساس پیدا کرتا ہے۔

دل کی صفائی صرف عبادت کی قبولیت کے لیے نہیں، بلکہ ایک کامیاب زندگی گزارنے کے لیے بھی ضروری ہے۔ دل کی خوبیاں جیسے: پاک دل، نرم دل، ہمدرد دل اور احساس والا دل، ایک انسان کو بہترین اخلاق کا پیکر بناتی ہیں۔

اخلاق، احساس اور دل کا تعلق

انسان کی شخصیت کا سب سے بڑا حسن اس کا اخلاق ہے، اور اخلاق دل سے جنم لیتے ہیں۔ نرم دل انسان دوسروں کے درد کو اپنا درد سمجھتا ہے، اور ان کی مدد کو اپنا فرض جانتا ہے۔ جو دل احساس سے بھرپور ہوتا ہے، وہی انسان اپنے والدین، رشتہ دار، سماج اور قوم کے لیے فائدہ مند بن سکتا ہے۔

نرم دل انسان اپنی ذمہ داریوں کو عبادت سمجھ کر ادا کرتا ہے، چاہے وہ سرکاری ڈیوٹی ہو یا کسی بے سہارا کی مدد۔

اساتذہ، دل اور علم کا رشتہ

ایک استاد صرف اس وقت حقیقی معلم بن سکتا ہے جب اس کے دل میں علم کی روشنی کے ساتھ ساتھ احساس، خلوص اور اخلاق کا چراغ بھی روشن ہو۔ محض کتابیں پڑھانا یا نصاب مکمل کر دینا تدریس کا اصل مقصد نہیں۔ اگر علم دل پر اثر نہ کرے تو وہ صرف الفاظ کا بوجھ ہوتا ہے، جو نہ خود کو بدلتا ہے اور نہ شاگردوں پر اثر چھوڑتا ہے۔ ایک استاد کا دل جب علم سے منور ہو جاتا ہے تو وہ نہ صرف طلبہ کے ذہنوں کو علم دیتا ہے بلکہ ان کے کردار، سوچ اور رویے کو بھی سنوارتا ہے۔

تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد کو چاہیے کہ وہ وقتاً فوقتاً اپنے اندر جھانکیں، اپنا محاسبہ کریں اور خود کو اخلاقی و روحانی اعتبار سے بہتر بنائیں۔ نیشنل ایجوکیشن پالیسی 2020 میں جو اقدار اور اوصاف اساتذہ کے لیے بیان کی گئی ہیں، وہ صرف الفاظ نہیں بلکہ عمل کی دعوت ہیں۔ جب تک ایک استاد خود ان خوبیوں کا نمونہ نہیں بنے گا، وہ ان خوبیوں کو اپنے طلبہ میں منتقل نہیں کر سکے گا۔

ایک کامیاب اور مؤثر استاد وہی ہوتا ہے جو بچوں کو خلوص دل سے تعلیم دے، تعلیم کو عبادت سمجھ کر اپنی ذمہ داری نبھائے، ہر طالب علم کی صلاحیت کو پہچانے اور اس کی مناسب رہنمائی کرے۔ ایسے استاد کے لبوں پر نرمی، لہجے میں محبت اور دل میں ہمدردی ہوتی ہے۔ وہ محض استاد نہیں رہتا بلکہ بچوں کے لیے ایک مثالی شخصیت، ایک راہنما اور ایک متاثر کن کردار بن جاتا ہے۔

دل اگر روشن ہو جائے تو انسان کا زاویۂ نگاہ بھی بدل جاتا ہے۔ دل کی بینائی وہ روشنی ہے جو ہمیں حق و باطل، درست و نادرست میں فرق دکھاتی ہے۔ جب دل بیدار ہوتا ہے، تو انسان اپنے فیصلے عدل و انصاف کی بنیاد پر کرتا ہے۔ ایک استاد کا روشن دل نہ صرف اس کی اپنی زندگی کو سنوارتا ہے بلکہ پورے معاشرے کو متاثر کرتا ہے، کیونکہ استاد ہی معاشرے کی بنیاد ہوتے ہیں۔

آخر میں، اساتذہ کے لیے ایک پیغام ہے: علم محض رٹے یا ڈگری کا نام نہیں، یہ ایک روشنی ہے جو دل سے پھوٹتی ہے اور دوسروں تک منتقل ہوتی ہے۔ استاد اگر اس روشنی کو خلوص، جذبے اور احساس کے ساتھ استعمال کرے، تو وہ نہ صرف نسلیں سنوار سکتا ہے بلکہ قوم کو بھی کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کنیز فاطمہ عالمہ فاضلہ ، اسلامک اسکالر اور نیو ایج اسلام کی مستقل کالم نگار ہیں

---------

URL: https://newageislam.com/urdu-section/heart-centre-body-soul-morality/d/136907

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism

 

Loading..

Loading..