این اے مومن
18جولائی،2025
کشمیر میں اسلام کی ابتدائی صورت یک رنگی شکل میں موجود تھی۔ اس کا روپ مقامی کلچر اور ریشیت کے امتزاج سے ایک صوفی اسلام،سے مشہور ہوچکا تھاجسے اصطلاح عام میں لوگ ”اعتقادی اسلام“ کے نام سے جانتے تھے۔ ایک لمبے عرصے تک اسلام کا یہی روپ ورنگ چھایارہا۔ پھر اہلحدیث طبقے کابرصغیر میں قدم رکھنے کے بعد کچھ گنے چنے لوگوں نے اہلحدیث فکر کو متعارف کرایا جسے عوامی پذیرائی حاصل نہ ہوسکی۔ اہلحدیث فکر سے وابستہ ان لوگوں نے بھی اپنے حلقے سے باہر عوام کے ساتھ ٹکرانامناسب نہ سمجھا اس طرح کشمیر میں اعتقادی اسلام بغیر کسی بڑے چیلنج کے منظرنامے پر حاوی رہا۔ پھر جماعت اسلامی کی آمد نے کشمیر کے پڑھے لکھے طبقے میں ایک الگ سوچ پیداکیا جو روایتی اسلام سے مختلف تھا مگر جماعت نے فروعی مسائل اور فقہی تنازعات میں دخل دینے کے بجائے سیاست کا رخ کیا اور نیشنل کانفرنس نے انہیں پبلک سے دوررکھنے کیلئے ”بد اعتقاد“ ہونے کی ”گالی“دی۔لوگوں کے اندر جماعت اسلامی کی مختلف امیج توبن گئی مگر جماعت کا حنفی روپ ہونے کے ناطے یہ کسی بڑے فتنے کا باعث نہ بن سکا۔ اس میں جماعتی لیڈر شپ کی بلند خیالی وسعت نظری کابڑا عمل دخل رہا ہے۔
کشمیر کی بدقسمتی یہ رہی ہے کہ یہ دو مختلف ایجنسیو ں کے درمیان برسہا برس سے پس رہے ہیں۔ دونوں طرف کی ایجنسیوں کے باعث یہاں مفادات کا ٹکراو بھی پیدا ہورہاہے جو کبھی کبھار مذہبی فرقہ وارانہ کشمکش کے پیچھے برسوں کی لگاتار منصوبہ بند سازش کار فرما رہی ہے۔اس کا آغاز اس وقت سے ہوتاہے کہ جب جماعت اسلامی والوں کے اثر کو ذائل کرنے کیلئے حکومتی سطح اور ایجنسیوں کی محنت سے تبلیغی جماعت (اللہ والے) اور دیوبندی فکر کو کشمیر میں متعارف کرادیا جاتاہے۔ جماعت کا فکری کاؤنٹر اسے ممکن ہوا یا نہیں مگر کشمیر یوں کے اندر اسلام کا ایک اور ورژن متعارف ضرورہوا اور مستقبل کی رسہ کشی اور کنفیوژن کیلئے زمین ہموار ہوگئی۔ ملی ٹینسی کے آتے ہی آئی ایس آئی نے کشمیریوں کو وہابی ازم او رالسعود ایڈیشن آف اسلام کی طرف بندوق کی نوک اور روپیوں کی لالچ میں مائل کردیا۔معروف عسکری تنظیموں جن میں جیش، حرکت، لشکر اور تحریک المجاہدین خاص طور پر شامل ہیں، نے کشمیر کو وہابیت کی طرف کھینچنا شروع کردیا۔ تحریک المجاہدین والوں نے روپیوں کی بوچھاڑ سے کشمیر کے تمام معروف دیہات اور قصبوں میں وہابی سلفی فرقے کی مساجد آناً فاناً بنواڈالیں۔ یہ کشمیر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئے او رکئی مقامات پر وہابیوں او رجماعتیوں کے درمیان مسلکی جھگڑے اور تصادم آرائی بھی دیکھنے کو ملی۔سعودی امداد اور فکری یگانگت سے چلنے اور پھیلنے والی ان جماعتوں نے سب سے بڑا نقصان جماعت اسلامی ہی کو کیا کیونکہ اسی طبقے سے وابستہ لوگ جوق درجوق وہابی ازم کی طرف رجوع کرنے لگے اس طرح کشمیر کے اندر فرقہ وارانہ ٹکراؤ او ر بالادستی کی جنگ میں پہلی بار ایک شدت دیکھنے کو ملی۔ وہابی ازم او رسلفی اسلام کے وارد ہوتے ہی کشمیر کے اندر سعودی عرب کا سیاسی ایجنڈا بھی درآیا۔چونکہ سعودیوں اور ایرانیوں کے درمیان مسلسل ایک سیاسی رقابت اور مفادات کاٹکراؤ چلتارہا ہے لہٰذا پاکستان کے اندر یہ شیعہ بھی سنی تصادم اور عسکری ٹکراؤ کی صورت میں مسلمانوں کے قتل عام کا سبب بن گیا۔ پاکستان سے سعودی ریال خوروں نے آئی ایس آئی کی چھتر چھایا میں اس فساد کو کشمیر میں بھی داخل کروایا۔ اس طرح پہلی بار کشمیر میں سلفی وہابی مسجدوں سے ”شیعہ کافر“ کا وعظ شروع ہوا اور بنوامیہ کی قصیدہ گوئی سننے کو ملی۔ یہیں سے ہمیں یزید کے ساتھ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نیا ذہنی ٹانک بھی ملتاہے اور ”عربکین بادشاہن چھ پانہ رب دستار گنڈان“ کا نیا نیریٹیو بھی۔ تب سے کشمیر میں کوئی ”مسلمان نہیں رہا ہے۔ایک سلفی وہابی کے بغیر سارا کشمیر یا تو ”مشرکین“ کی پناہ گاہ بن چکا ہے یا ”کافروں“ کی سرزمین۔ جماعت اسلامی والوں کو کسی حد تک ڈمیج کرنے کے بعد جب یہ طاقت کی بل پر بریلویوں اور دیوبندیوں کی طرف رخ کرکے انہیں ”کنورٹ“ کرنے لگے تو یہاں انہیں منہ کی کھانی پڑی۔ آخر کار شیعوں پر انہوں نے نشانہ باندھا او ران کی تمام ترنگ ودو ان کو اسلام سے الگ کرکے کافر بنانے کا السعودی مشن انجام دینا ہوگیا۔اب یہ ڈائریکٹ فرنٹ پر آنے کے بجائے اس طرح چھپ کر وار کرتے ہیں کہ صحابہ کرام کا کارڈ دکھا کر دیوبندیوں او رکچھ بریلویوں او رکچھ بریلوی ملاوں کو اس جنگ کی طرف دھکیل چکے ہیں۔ ان مفلسوں کو خود پتہ نہیں کہ وہ کن ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں او ر کس کی گیم کاحصہ بن گئے ہیں۔ ابھی یہ زبانی جہاد ہی چل رہا ہے۔ صورت حال کنٹرول نہ ہوا تو ایجنسیوں کی درپردہ حمایت سے یہ خطرناک صورت حال اختیار کرسکتی ہے۔
18 جولائی،2025، بشکریہ: روز نامہ چٹان،سرینگر
-----------------
URL: https://newageislam.com/urdu-section/sectarian-intolerance/d/136264
New Age Islam, Islam Online, Islamic Website, African Muslim News, Arab World News, South Asia News, Indian Muslim News, World Muslim News, Women in Islam, Islamic Feminism, Arab Women, Women In Arab, Islamophobia in America, Muslim Women in West, Islam Women and Feminism