New Age Islam
Sat May 02 2026, 04:13 AM

Urdu Section ( 6 Nov 2023, NewAgeIslam.Com)

Comment | Comment

Understanding and Overcoming the Lure of Muslim Celebrity Preachers’ Islam نامور خطیبوں اور مبلغین کے اسلامی دھوکے اور ان سے بچاؤ کا طریقہ

 ادیس ددیریجا، نیو ایج اسلام

 23 ستمبر 2023

بحیثیت مسلمان، ہمیں ایک شاندار روایت، تکثیری برادری، اور ایک ایسا دین نصیب ہوا ہے جو ہمیں رہنمائی، حکمت اور ہمدردی سے ہمکنار کر سکتا ہے۔ تاہم، حالیہ دنوں میں ہمارے درمیان ایک پریشان کن رجحان بڑھا ہے، اور وہ مشہور مسلم مبلغین کا عروج ہے جو جذباتی نزاکت کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور غیر ضروری مذہبی اختیارات رکھتے ہیں، اور ایسے خیالات کو فروغ دیتے ہیں جو ہمارے مذہب، ہماری برادری اور ہمارے معاشرے کے لیے نقصاندہ ہیں۔ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم ایسے افراد کے خطرات کو پہچانیں اور اپنے مذہب اور اپنے اتحاد کی بقا کے لیے ان سے ہوشیار رہیں۔

حالیہ برسوں میں، مشہور مسلم مبلغین کے عروج نے کافی توجہ حاصل کی ہے۔ ان کی کرشماتی شخصیات، فصیح و بلیغ تقاریر، اور بااثر آن لائن موجودگی نے ان کے لاکھوں پیروکار پیدا کیے ہیں۔ ان مشہور مسلم مبلغین میں، محمد ہوبلوس، عاصم الحکیم، وہاج ترین، مفتی مینک، ذاکر نائیک، اور دانیال حقیقتجو جیسے لوگوں کے نام سر فہرست ہیں، جن کے ہزاروں اور لاکھوں کی تعداد میں فالوور پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے ہمارے جذبات کو اپنی طرف متوجہ کرنے، ہماری کمزوریوں کا شکار کرنے، آمرانہ مذہبی اتھارٹی کا کردار نبھانے اور خود کو مذہبی سچائی کے واحد علمبردار کے طور پر پیش کرنے کے فن میں مہارت حاصل کی ہوئی ہے۔ ایسا کرتے ہوئے، وہ ایک ایسی پوزیشن حاصل کر لیتے ہیں جو ان کی اصل قابلیت اور مہارت سے بالاتر ہوتی ہے۔

دین کے تئیں آمرانہ نقطہ نظر کے خطرے کو سمجھیں

یہ نامور خطیب اور مبلغین جس مذہبی بنیاد پرستی کی تبلیغ کرتے ہیں وہ امن اور تکثیریت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ اپنی اعتقادی سوچ پر قائم رہ کر اور اپنے مذہب کے اندر اور باہر مکالمے اور تکثیریت کو مسترد کر کے، عدم برداشت اور علیحدگی پسندی کے ماحول کو فروغ دیتے ہیں۔ ان کا اثر و رسوخ خطرناک حد تک ہمارے معاشرے میں پھوٹ ڈال سکتا ہے جس سے مختلف مذہبی جماعتوں یا عناصر کے درمیان تنازعہ کی آگ بھڑک سکتی ہے۔ آن لائن میڈیا اور سوشل نیٹ ورکوں کے تناظر میں یہ خطرہ اور بھی بڑھ جاتا ہے، جن کی مدد سے ان کے پیغامات منٹوں اور سیکنڈوں کے اندر پوری دنیا میں پھیلائے جا سکتے ہیں۔

یہ نامور خطیب اور مبلغین مذہبی بنیاد پرستی کا پرچار کرتے ہیں جس سے اسلام کی ایک مخصوص تعبیر کو فروغ ملتا ہے جو اکثر "ہم بمقابلہ ان" کی ذہنیت کے فروغ کا سبب بنتا ہے۔ ان کی بیان بازی اکثر تفرقہ انگیز ہوتی ہے، ان کے پیروکاروں میں برتری کا احساس پیدا کرتی ہے اور ایک اخراجی نقطہ نظر کو فروغ دیتی ہے۔

یہ نامور خطیب اور مبلغین جس مذہبی بنیاد پرستی کا پرچار کرتے ہیں اس سے اکثر سازشی نظریات کو فروغ ملتا ہے جو خوف پھیلانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں، خاص طور پر عالمی واقعات اور مزعومہ خفیہ ایجنڈوں کے حوالے سے۔ اس طرح کے خیالات سامعین کے اندر بے اعتمادی اور دشمنی کا احساس پیدا کر سکتے ہیں۔

ہ نامور خطیب اور مبلغین خود کو آسمانی علوم کا ایک خاص نمائندہ بنا کر پیش کرتے ہیں جس سے مسلم معاشروں کے اندر ایک خطرناک ماحول پیدا ہوتا ہے۔ خود کو دین کا ایک معصوم نمائندہ بنا کر وہ مذہبی نصوص اور دینی عقائد کی تعبیر و تشریح پر مکمل اجارہ داری قائم کر لیتے ہیں۔ اس سے نہ صرف تنقیدی سوچ کی موت ہو جاتی ہے بلکہ آراء اور تعبیرات و تشریحات کی تکثیریت بھی مجروح ہو جاتی ہے جو تاریخی طور پر اسلامی فکری روایت کی خصوصیت ہے۔ خطرہ نہ صرف دین کی غلط تعبیر و تشریح میں ہے بلکہ طاقت کے غلط استعمال اور رجعت پسندانہ خیالات نافذ کرنے میں بھی ہے۔ دین کے حوالے سے آمرانہ نقطہ نظر اختیار کرتے ہوئے، جو کہ ناجائز ہے، یہ مبلغین خود کو اسلامی تعلیمات کے حتمی ترجمان کے طور پر پیش کرتے ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اکثر صدیوں کی علمی روایت، تکثیری نقطہ نظر اور اجتماعی حکمت سب ملیا میٹ ہو جاتی ہے، جن سے ہمارے دین کی تشکیل ہوتی ہے۔ یہ ان کی رہنمائی پر خطرناک حد تک انحصار کا باعث بھی بن سکتا ہے جس سے ذاتی نشوونما کا دروازہ بند ہو سکتا ہے اور اسلام کی شاندار فکری ورثے سے منسلک ہونے کی ہماری صلاحیت دم توڑ سکتی ہے۔

مزید برآں، ان نامور خطیب اور مبلغین کا دین کا ٹھیکیدار بن جانا مسلمانوں کی انفرادی صلاحیت اور تنقیدی سوچ کو ختم کر دیتا ہے۔ ان کے پیروکار ان مبلغین کی باتوں کو بلا شک و شبہ قبول کرنے پر مجبور محسوس کر سکتے ہیں جس سے آزادانہ غور و فکر کی ان کی صلاحیت ختم ہو سکتی ہے۔ یہ اندھی تقلید فکری نشوونما کو روکتی ہے اور اسلام کی ایک مضبوط تفہیم کا امکان ختم کر دیتی ہے۔ یہ ضروری ہے کہ لوگ ان خود ساختہ دین کے ٹھیکیداروں پر بھروسہ کرنے کے بجائے خود ہی مذہبی نصوص کی تنقیدی تحقیق اور تعبیر میں لگ جائیں۔

ان نامور خطیب اور مبلغین کی پھیلائی ہوئی مذہبی بنیاد پرستی کے خطرات کو تسلیم کرنا اور اسلام کی ایسی متبادل تشریحات کو فروغ دینا بہت ضروری ہے جو ایک ایسی تکثیریت پسند مسلم شناخت کو فروغ دے جو عصری انسانی حقوق کے دور کی اخلاقیات، صنفی انصاف اور مذہبی تکثیریت سے ہم آہنگ ہو۔

جذباتی نزاکت کا استحصال:

دین کا ٹھیکیدار بننے کے علاوہ، یہ مشہور مسلم مبلغین اپنی یو ٹیوب ویڈیوز میں اکثر ہیرا پھیری کے حربے استعمال کرتے ہیں، اپنے سادہ لوح سامعین کا جذباتی طور پر استحصال کرنے کے لیے آواز اور ڈرامائی تاثرات کا استعمال کرتے ہیں۔ اس مضمون میں ایسے ہتھکنڈوں کے خطرات پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے، جو افراد کی جذباتی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور ان کی تنقیدی سوچ کا گلا گھونٹ دیتے ہیں۔ ان کے ہتھکنڈوں کو سمجھ کر اور پہچان کر، ہم مسلمانوں مزید عقلمندانہ اور فکری طور پر دیانتدارانہ انداز میں مذہبی تعلیمات کو سمجھنے کے قابل بنا سکتے ہیں۔

یہ نامور خطیب اور مبلغین جذبات کی طاقت اور افراد پر ان کے گہرے اثرات کو سمجھتے ہیں۔ وہ طرح طرح کے اشاروں، جذباتی تقریروں، اور اشتعال انگیز زبان و بیان کو استعمال کرکے اپنے سامعین کی جذباتی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ خوف، جرم، اور تعلق کے احساس پیدا کرتے ہوئے، وہ ایک ایسا ماحول تیار کرتے ہیں کہ تنقیدی سوچ ختم ہو جاتی ہے اور جذباتی جوش و جذبہ انگڑائی لینے لگتا ہے۔ جذبات کا اس انداز میں استحصال لوگوں کو کچھ بھی سوچے سمجھے بغیر فیصلے کرنے اور عقائد کو اپنانے پر مجبور کر سکتا ہے۔

شخصیت پرستی کا فروغ:

جوڑ توڑ کے ہتھکنڈوں کو استعمال کرتے ہوئے یہ نامور خطیب اور مبلغین اکثر اپنے اردگرد شخصیت پرستی کا ایک جال بن دیتے ہیں۔ وہ خود کی ایک ایسی تصویر پیش کرتے ہیں گو کہ مذہبی علم اور ہدایت و رہنمائی کا مصدر و منبع صرف انہیں کی ذات با برکات ہے۔ ان کی اس شبیہ کو احتیاط سے تیار کیے گئے بیانیوں، منصوبہ بند تقاریب اور سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر مستقل موجودگی کے ذریعے تقویت دی جاتی ہے۔ نتیجتاً، ان کے پیروکار ان مبلغین سے جذباتی طور پر منسلک ہو جاتے ہیں، اور صرف انہیں سے دین کی ہدایت اور رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔

یہ نامور خطیب اور مبلغین جو دین کا ٹھیکیدار بنے پھرتے ہیں، ایسے مہلک نظریات کو فروغ دے سکتے ہیں جن سے امتیازی سلوک اور عدم برداشت کے کلچر کو فروغ ملے۔ اپنے ذاتی تعصبات کو خدائی حکم کے طور پر پیش کر کے، وہ صنف، انسانی حقوق، اور بین المذاہب تعلقات جیسے مسائل پر رجعت پسندانہ خیالات کو جواز فراہم کرتے ہیں۔ اس سے نہ صرف مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور حقوق کو خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ غیر مسلموں میں اسلام کے حوالے سے منفی تاثرات میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ ان مبلغین کا اثر ان کی مسخ شدہ دین کی تعبیرات و تشریحات کی وجہ سے ہونے والے ممکنہ نقصان کو بڑھا دیتا ہے۔

یہ نامور خطیب اور مبلغین کا ڈرامائی اور جذباتی انداز بیان مسلمانوں کے اندر سے تنقیدی سوچ کو ختم کرنے کا کام کرتا ہے۔ سوچ و فکر کے بجائے جذبات بھڑکا کر وہ اپنے پیروکاروں کے سوال کرنے یا ان کی تشریحات کو چیلنج کرنے کی صلاحیتوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔ یہ اسلام کی ایک جامع تفہیم کی نشوونما میں رکاوٹ ہے اور اندھی تقلید کے کلچر کو فروغ دیتا ہے۔ تنقیدی سوچ، جو فکری نشوونما اور مذہب کی باریک بین تفہیم کے لیے ضروری ہے، جذباتی استحصال کے ذریعے دبا دی جاتی ہے۔

یہ نامور خطیب اور مبلغین اکثر انسانی نفسیات میں موجود تصدیقی تعصب سے فائدہ اٹھانے کے لیے طرح طرح کے حربے استعمال کرتے ہیں۔ وہ چن چن کر دلائل، قرآنی آیات یا مذہبی کتابوں سے حکایتیں سامعین کی نذر کرتے ہیں جن سے ان کے نقطہ نظر کی تائید ہوتی ہے۔ یہ انداز بیان ان کے سامعین کے موجودہ عقائد کو تقویت دیتا ہے، ان کے تعصبات کی تصدیق کرتا ہے اور انہیں دین کی متبادل تعبیرات و تشریحات کی تنقیدی تحقیق سے روکتا ہے۔ تصدیقی تعصب کا فائدہ اٹھا کر یہ مبلغین اپنی پوزیشن کو مضبوط کرتے ہیں اور پیروکاروں کو تکثیری نقطہ نظر تلاش کرنے کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔

ان نامور خطیب اور مبلغین کے جوڑ توڑ کے ہتھکنڈے مسلمانوں میں تفرقہ بازی کو فروغ دینے میں بھی معاون ہیں۔ ایسے ماحول کو فروغ دے کر جہاں اختلاف رائے کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے اور دین کی متبادل تعبیرات و تشریحات کو مسترد کر دیا جاتا ہے، وہ ایک ایسا ماحول تیار کرتے ہیں جس میں صرف ایک ہی نقطہ نظر کی گنجائش بچتی ہے۔ اس سے ایک سخت اور یک سنگی معاشرے کی تشکیل ہوتی ہے جو فکری تکثیریت کے خلاف ہے۔

کیسے ان نامور خطیب اور مبلغین کے دھوکے سے بچا جائے:

ان نامور خطیب اور مبلغین کا عروج اور ان کے اثر و رسوخ کے ممکنہ خطرات اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کی عیارانہ چالوں کا مقابلہ کرنے اور اسلام کی ایک درست تفہیم کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

اپنے مذہب اور اپنی برادری کی سالمیت کے تحفظ کے لیے، ہمیں جذباتی کمزوری کے استحصال کو پورے شدومد کے ساتھ روکنا چاہیے اور اسلامی روایت کے تئیں ان نامور خطیب اور مبلغین کے آمرانہ اندازِ فکر کو چیلنج کرنا چاہیے۔ ہمیں سادہ اور جذباتی بیانیوں کے مقابلہ میں تنقیدی سوچ، جذباتی ذہانت، اور مزاحمت کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے۔ گہری سوچ و فکر اور باریک بینی کے ذریعے ان مبلغین کے خیالات کی بہت سی غلطیوں اور خامیوں کو بے نقاب کیا جا سکتا ہے۔

ان نامور خطیبوں اور مبلغین کی پوزیشن اور اثر و رسوخ کو چیلنج کرنے کے لیے، ضروری ہے کہ اسلامی تعلیمات اور روایات کی تکثیریت اور پیچیدگی کے بارے میں بیداری پیدا کی جائے اور تعلیمی وسائل سے فائدہ اٹھایا جائے، خاص طور پر مغرب کے ان نوجوان مسلمانوں کی خاطر جو خود کو مغربی اور اسلامی شناخت کے درمیان الجھا ہوا محسوس کر سکتے ہیں۔ آخر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ان مسلم مفکرین کی حمایت کرنا اور انہیں بااختیار بنانا ضروری ہے جو اسلام کی فکری طور پر زیادہ اطمینان بخش، اخلاقی طور پر دلکش، معقول، تکثیری اور جامع تعبیرات و تشریحات پیش کرتے ہیں۔

English Article: Understanding and Overcoming the Lure of Muslim Celebrity Preachers’ Islam

URL: https://newageislam.com/urdu-section/understanding-lure-muslim-celebrity-preachers/d/131055

New Age IslamIslam OnlineIslamic WebsiteAfrican Muslim NewsArab World NewsSouth Asia NewsIndian Muslim NewsWorld Muslim NewsWomen in IslamIslamic FeminismArab WomenWomen In ArabIslamophobia in AmericaMuslim Women in WestIslam Women and Feminism


Loading..

Loading..